نماز پڑھنے کی پوری ترکیب
جب نماز پڑھنے کا ارادہ کرو تو پہلے اپنا بدن حدثِ اکبر اور حدثِ
اصغر اور ظاہری ناپاکی سے پاک کر لو اور پاک کپڑے پہن کر پاک جگہ پر قبلے کی طرف منہ
کر کے اس طرح کھڑے ہو کہ دونوں قدموں کے درمیان چار انگل یا اس کے قریب قریب فاصلہ
رہے۔
پھر جو نمازپڑھنی ہے اس کی نیت دل سے کرو مثلاً یہ کہ فجر کی
نماز فرض خدا کے واسطے پڑھتا ہوں اور زبان سے بھی کہہ لو تو اچھا ہے پھر دونوں ہاتھ
کانوں تک اُٹھاؤ ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور انگلیاں قبلہ رخ رہیں اور انگوٹھے کانوں کی
لَو کے مقابل ہوں اور انگلیاں کھلی کھلی رہیں۔
اس وقت اَللّٰہُ اَکْبَرْ
کہہ کر دونو ں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لو سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی
کی پشت پر رہے اور انگوٹھے اور چھنگلیاسے حلقے کے طور پر گٹے کو پکڑ لو اور باقی تین
انگلیاں کلائی پر رہیں۔اور نظر سجدہ کی جگہ پر رہے ہاتھ باندھ کر آہستہ آہستہ ثنا پڑھو۔
پھر تعو ّذ۔ پھر تسمیہ پڑھ کر سورة فاتحہ پڑھو ۔
جب سورة فاتحہ ختم کر لو تو آہستہ سے آمین
کہو۔
پھر کوئی سورة یا کوئی بڑی ایک آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھو
(لیکن اگر تم امام کے پیچھے نماز پڑھ رہے ہو تو صرف ثنا پڑھ کر خاموش کھڑے رہو۔
تعوذ اور تسمیہ اورسورة فاتحہ اور سورة کچھ نہ پڑھو) قرأت صاف
صاف اور صحیح صحیح پڑھو جلدی نہ کرو۔ پھر اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئی رکوع میں جاؤ
۔
انگلیوں کو کھول کر ان
سے گھٹنوں کو پکڑ لو پیٹھ کو ایسا سیدھا کر لو کہ اگر اس پر پانی کا پیالہ رکھ دیا
جائے تو ٹھیک رکھا رہے سر کو پیٹھ کی سیدھ میں رکھو نہ اونچا کرو نہ نیچا رکھو۔ ہاتھ
پسلیوں سے علیحدہ رہیں اور پنڈلیاں سیدھی کھڑی رہیں ۔
پھر رکوع کی تسبیح تین مرتبہ یا پانچ مرتبہ پڑھو۔ پھر تسمیع کہتے
ہوئے سیدھے کھڑے ہو جاؤ ۔ تحمید بھی پڑھ لو ( امام صرف تسمیع پڑھے اور مقتدی صرف تحمید
پڑھیں اور منفرد تسمیع و تحمید دونوں پڑھے پھر تکبیر کہتے ہوئے سجدے میں جاؤ پہلے دونوں
گھٹنے ، پھر دونوں ہاتھ پھر ناک پھر پیشانی رکھو چہرہ دونوں ہتھییلیاں کے درمیان اور
انگوٹھے کان کے مقابل رہیں ۔
ہاتھوں کی انگلیاں ملی
رکھو تاکہ سب کے سرے قبلہ کی طرف رہیں ۔کہنیاں پسلیوں سے اور پیٹ رانوں سے علیحدہ رہے
۔ کہنیاں زمین پر نہ بچھاؤ ۔
سجدے میں تین یا پانچ
مرتبہ سجدے کی تسبیح کہو پھر پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ اٹھا کر تکبیر کہتے ہوئے
اٹھو اور سیدھے بیٹھ جاؤ پھر تکبیر کہہ کر دوسرا سجدہ کرو ۔
پھر تکبیر کہتے ہوئے
اٹھو ۔ اٹھنے میں پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ پھر گھٹنے اٹھا کر پنجوں کے بل سیدھے
کھڑے ہو جاؤ اور کھڑے ہو کر ہاتھ باندھ لو اور بسم اللہ اور سورة فاتحہ اور کوئی سورة
پڑھو (امام کے پیچھے ہو تو کچھ نہ پڑھو خاموش کھڑے رہو )پھر اسی قاعدے سے رکوع ، قومہ،
سجدہ ، جلسہ ، دوسرا سجدہ کرو۔ دوسرے سجدے سے اٹھ کر بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھ
جاؤ سیدھا پاؤں کھڑا رکھو دونوں پاؤں کی انگلیوں کے سرے قبلے کی طرف رہیں۔
پھر پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرو۔ دائیں طرف سلام
پھیرتے وقت دائیں طرف منہ پھیرو اور بائیں طرف سلام میں بائیں طرف منہ پھیرو۔
دائیں سلام میں دائیں طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی
نیت کرو اور بائیں سلام میں بائیں طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی نیت کرو اور
جس طرف امام ہو اس طرف کے سلام میں امام کی
نیت کرو اور امام دونوں سلاموں میں مقتدیوں کی نیت کرے اور اگر تینیا چار رکعت والی نماز ہے تو تشہد کے بعد درود نہ پڑھو
۔
بلکہ تکبیر کہتے ہوئے کھڑے ہو جاؤ اور تیسری اور چوتھی
رکعت اگر نماز فرض ہے تو اس کے قاعدہ سے اور واجب یا سنت یا نفل ہےتو اس کے قاعدہ سے پوری کرکے سلام پھیر دو۔
سلام کے بعد
اَللّٰہُمَّ
اَنْتَ السَّلَامُ وَ مِنْکَ السَّلَامُ تَبَارَکْتَ یَا ذَا لْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ
اور اَللّٰھُمَّ اَعِنِّیْ عَلٰی ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَ حُسْنِ عِبَادَتِکَ پڑھو ۔
اور یہ دعا بھی مسنون ہے
لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہ لَا شَرِیْکَ لَہ
لَہُ الْمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرُ۔ اَللّٰہُمَّ
لَا مَانِعَ لِمَا اَعْطَیْتَ وَ لَا مُعْطِیَ لِمَا مَنَعْتَ وَلَا یَنْفَعُ ذَاالْجَدِّ
مِنْکَ الْجَدُّ۔

No comments:
Post a Comment
this this page